12

جرمنی میں دوسری عالمی جنگ کے امریکی بم کو ناکارہ بنا دیا گیا

جرمنی میں برآمد ہونے والے دوسری عالمی جنگ کے 250 کلو وزنی امریکی بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تلف کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے دریائے مائن سے ملنے والے 250 کلو وزنی بم کو ڈسپوزل اسکواڈ نے کامیابی سے اڑا دیا، بم کو تلف کرنے سے قبل قریبی علاقے کے تقریباً 600 مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بم امریکی ایئر فورس نے دوسری عالمی جنگ کے دوران بمباری کرتے ہوئے جرمنی پر پھینکا تھا جو دریائے مائن میں گرا لیکن پھٹ نہیں سکا۔ یہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو تربیتی مشق کے دوران ملا جب بم ڈسپوزل اسکواڈ کے غوطہ خوروں نے تربیت کے دوران دریا میں چھلانگ لگائی ۔
امریکی ساختہ 250 کلو وزنی بم کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے وزارت داخلہ اور شہری حکومت سے رجوع کیا جس کے بعد دریا کے کنارے آباد رہائشی علاقوں کو خالی کروالیا گیا اور اہلکاروں نے کامیابی سے دریا کے اندر ہی بم کو تلف کردیا۔

واضح رہے کہ جنگ عظیم دوم کے بعد اب بھی جرمنی کے طول وعرض سے بغیر پھٹے ہوئے بم، گولے اور شیل ملتے رہے ہیں جو وقفے وقفے سے تلف کئے جاتے رہے ہیں، گزشتہ برس ستمبر میں 1800 کلو وزنی بم کو تلف کیا گیا تھا جس کے لیے 70 ہزار افراد کو کسی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھنے کے لیے شہر سے باہر منتقل ہونا پرا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں