47

بحیرہ عرب میں طوفان؛ کراچی کی ساحلی بستیوں میں سمندری پانی داخل

بحیرہ عرب میں سپر سائیکلون کے نتیجے میں کراچی کی ساحلی بستی میں سمندری پانی داخل ہوگیا۔

بحیرہ عرب کی تاریخ کا طاقتور ترین سپر سائیکلون ’کیار‘ شمال مغربی سمت  میں بڑھ رہا ہے اور اس کا رُخ اومان کی جانب ہے لیکن اس کی شدت کے باعث کراچی کی ساحلی بستی میں سمندری پانی داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں نصف درجن سے زائد گوٹھوں میں قائم گھر زیرآب آگئے جبکہ کیماڑی سمیت دیگر علاقوں میں بھی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

یوسی ریڑھی کے کونسلرسکندرحیات کا کہنا تھا کہ پانی سعید پاڑہ ، لٹھ بستی ، سعید پاڑہ نمبر2 ، دوست محمد پاڑہ ، رحمان پاڑہ ، لٹھ بستی نمبر ، ریڑھی گوٹھ امین جت پاڑہ ، خلیفہ جت پاڑہ ، سچا ڈینو سعید پاڑہ کے گھروں میں داخل ہوا ہے۔

کھلے آسمان تلے رات

مکینوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری، اہل علاقہ کے مطابق متاثرہ علاقے سے سمندی پانی واپس اترگیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں گزشتہ 13 روزسے بجلی بھی میسرنہیں۔

ہنگامی حالت نافذ

میئر وسیم اختر نے کراچی کے ساحل ہاکس بے پر ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے چشمہ گوٹھ، ریڑھی گوٹھ اور لٹھ بستی کا دورہ کیا اور مکینوں کو عارضی طور پر کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی۔

گھریلو سامان تباہ

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سمندری پانی بہت تیزی سے آیا جس کے باعث حفاظتی دیوار بھی منہدم ہوگئی، پانی گھروں میں داخل ہونے سے جو گھریلو سامان تھا وہ تباہ ہوگیا ۔ علاقہ مکینوں کا حکومت سندھ سے مطالبہ ہے کہ وہ تھوڑی توجہ ابراہیم حیدری کی ماہی گیروں کی بستی پربھی دیں۔ سندھ حکومت غریبوں کے نقصان پورا کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کر رہی، مکینوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ زمین ان کے پاس موجود ہے انہیں گھر بنا کر دیے جائیں اوران کے بچوں کی تعلیم کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

طوفان سے متعلق چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے کہا کہ سائیکلون بننے کے بعد اسے ماہا کا نام دیا جائے گا، ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن اور سائیکلون میں تبدیل ہوسکتا ہے، گہرے سمندر میں لہریں 3 سے 4 میٹر تک بلند ہوں گی، جنوب کی جانب ہونے کی صورت میں پاکستان کے ساحلی علاقوں پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے، اس بات کا بھی امکان موجود ہے کہ طوفان کا رُخ جنوب کی جانب ہوجائے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ سائیکلون کو کمزورکرسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں