23

یورپی یونین سے انخلا کیلیے برطانیہ کو 31 جنوری تک مہلت مل گئی

بریگزٹ ڈیل پر اختلافات اور تنازعات میں گھری برطانوی حکومت کو یورپی یونین کی جانب سے انخلاء کے لیے 31 جنوری 2020 تک کی مہلت مل گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے لکھا کہ یورپی یونین نے انخلا کے لیے 31 جنوری تک توسیع کرنے کی برطانوی درخواست کی منظوری دے دی ہے۔ فیصلے کو جلد باضابطہ تحریری شکل میں جاری کیا جائے گا۔

برطانیہ کو 31 جنوری تک مہلت دینے کا فیصلہ یورپی یونین کے ڈپلومیٹس کے برسلز میں ہونے والے اہم اور ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ برطانیہ کو 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے ہر حال میں انخلاء کرنا تھا جس کی ڈیڈ لائن خود برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے دی تھی۔

برطانوی وزیراعظم بریگزٹ ڈیل پر اپوزیشن کے علاوہ اپنے ساتھیوں کو بھی راضی نہیں کرسکے تھے جس کے بعد انہوں نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا جسے اپوزیشن نے مسترد کردیا تھا تاہم ان کی بریگزٹ ڈیل کی تاریخ میں توسیع کی درخواست قبول کرلی گئی۔

واضح رہے کہ 2016 کے ریفرنڈم میں عوام نے یورپی یونین سے انخلا کے حق میں ووٹ دیا تھا تاہم تین سال گزرنے کے باوجود بریگزٹ ڈیل پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے جس کی کوشش میں سابق وزیراعظم تھریسامے کو بھی مستعفی ہونا پڑا تھا اور موجودہ وزیراعظم کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں