475

بھارت میں تیار ہونے والی کرونا ویکسین کا 2 سے 18 سال کے بچوں پر ٹرائل

نئی دہلی: بھارت میں تیار ہونے والی کرونا ویکسین کا 2 سے 18 سال کے بچوں پر ٹرائل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں تیار ہونے والی کو وِڈ ویکسین (Covaxin) کا ٹرائل بچوں پر آئندہ 10 سے 12 روز میں شروع کر دیا جائے گا، جن بچوں پر ویکسین کا ٹرائل کیا جائے گا ان کی عمریں دو سے 18 سال کے درمیان ہوں گی۔

این آئی ٹی آئی کے ایک رکن وی کے پال کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ اب بھارتی بائیو ٹیک کرونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کا دوسرا اور تیسرا مرحلہ طے کیا جائے گا، ملک میں بچوں پر ٹیسٹ کی جانے والی یہ پہلی کرونا ویکسین ہوگی۔

خیال رہے کہ بھارت میں ڈرگز کنٹرولر جنرل کی جانب سے 13 مئی کو کوویکسین کے ٹرائل کی اجازت دی گئی تھی، بھارتی وفاقی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق ٹرائلز کے ان دونوں مراحل میں 525 صحت مند رضاکار حصہ لے رہے ہیں

یاد رہے کہ اپریل کے مہینے میں آکسفرڈ یونی ورسٹی کی تیار کردہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کا بچوں پر ٹرائل روک دیا گیا تھا، برطانوی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ آکسفرڈ یونی ورسٹی کی تیار کردہ ویکسین آسٹرا زینیکا کا بچوں پر ٹرائل برطانوی ریگولیٹری اتھارٹی نے روکا۔

ویکسین آسٹرا زینیکا کے بڑی عمر کے افراد میں بلڈ کلاٹس کی شکایات پر یہ اقدام اٹھایا گیا تھا، واضح رہے کہ طبی ماہرین اور سائنس دان انسانی جسم میں کرونا ویکسین کے باعث بلڈ کلاٹس بننے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں