478

فلسطین میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، 3 مساجد شہید ، 40مکانات تباہ

غزہ : فلسطین میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے مزید 3فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ 3مساجد بھی شہید ہوئیں اور 40مکانات تباہ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق فلسطین میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری 10 روز سے جاری ہے ،غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ میں آج صبح اسرائیلی فورسز کی رہائشی عمارت پر بمباری کی گئی ، جس کے نتیجے میں 3فلسطینی شہید ہوگئے۔

غزہ میں بمباری سے 3مساجد بھی شہید ہوگئیں اور 40مکانات تباہ ہوئے ، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت سے شہید افراد کی تعداد 219 ہوگئی ہے، جن میں 63 بچے اور 35 خواتین بھی شامل ہیں۔

یاد رہے اقوام متحدہ کے ادارے ’کوارڈینیشن آف ہیومینیٹیرین افیئرز‘ کی ترجمان جینز لائرکے کہا تھا کہ مقبوضہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 52 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں جن میں سے 47 ہزار افراد نے 58 یو این اسکولوں میں پناہ لے رکھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صیہونی فورسز کی بمباری کے نتیجے میں 132 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جب کہ 316 بری طرح متاثر ہوئیں ہیں، جن میں چھ اسپتال، 9 پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹرز اور واٹر پلانٹس بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے غزہ میں رہائشی عمارتوں کو اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنائے جانے پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ صیہونی افواج نے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بناکر بچوں سمیت پورے پورے خاندان قتل کردئیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں